حماس، فلسطینی عوام اور کاز کا حامی ہے: خالد مشعل
حماس کے سینیئر رکن خالد مشعل نے حماس اور اس کی مسلح کمان کو فلسطین کی آزادی کی فوج قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان کے صیدا شہر میں منعقدہ حماس کی پینتیسویں سالگرہ کے خصوصی پروگرام کے دوران حماس کے رہنما خالد مشعل نے فلسطینیوں سے صیہونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ صیہونیوں کی سازشوں اور ان کے ناپاک عزائم کو بے اثر کرنے کا واحد طریقہ مزاحمت ہے جسے عالمی قوانین کے تحت مکمل طور پر جواز بھی فراہم ہے۔
خالد مشعل نے اس موقع پر لبنانی حکومت سے اپنا تاریخی کردار ادا کرنے اور اس ملک میں مقیم فلسطینی باشندوں کے لئے مناسب حالات فراہم کرنے کی اپیل کی تا کہ یہ مظلوم عوام ایک بار پھر بے گھر ہونے سے محفوظ رہ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکام یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ ایک انتہاپسند کابینہ تشکیل دیکر مسئلہ فلسطین کا رخ اپنے حق میں موڑ سکتے ہیں لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ ملت فلسطین متحد ہوکر اس خطرے کو ایک موقع میں تبدیل کردے گی ۔
خالد مشعل نے زور دیکر کہا کہ گذشتہ چند دہائی سے تمام سازشوں پر پانی پھیرا جا چکا ہے حتی کہ سنچری ڈیل کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یاد رہے کہ جنوری دو ہزار بیس میں سنچری ڈیل کا سازشی منصوبہ پیش کیا گیا تھا جس کے تحت بیت المقدس اور مسجد الاقصی کو صیہونیوں کے حوالے کیا جانا تھا ۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے تیار ہونے والے اس منصوبے کے تحت جلا وطن فلسطینیوں کو وطن واپسی کا حق نہیں تھا اور صرف صیہونی نگرانی میں غزہ پٹی اور غرب اردن کے بچے کھچے علاقوں میں انہیں عارضی طور پر رہنے کا حق دیا گیا تھا۔