Dec ۲۸, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۸ Asia/Tehran
  • 11 سال بعد شام اور ترکیہ کے وزرائے دفاع کی ملاقات، کیا کوئی اہم تبدیلی ہونے والی ہے؟

شام اور ترکیہ کے وزرائے دفاع کی 11 سال بعد پہلی ملاقات ہوئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ملک کے وزیر دفاع اور انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ نے ماسکو میں اپنے شامی اور روسی ہم منصبوں سے ملاقات کی۔

ترکیہ کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وزیر دفاع حلوصی آکار اور ملکی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ہاکان فیدان نے روس اور شام کے وزرائے دفاع سے ملاقات کی جبکہ ان دونوں ممالک کے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہوں سے بھی گفتگو کی۔

ترکیہ کی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق اس ملاقات میں تینوں فریقوں نے شام کے بحران، شامی پناہ گزینوں کے مسائل اور دہشت گرد گروہوں کے ساتھ مشترکہ جنگ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ترکیہ کی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ تینوں فریقوں نے شام اور خطے کے استحکام کو یقینی بنانے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے سہ فریقی اجلاسوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق گیارہ سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب شام اور ترکی کے وزرائے دفاع ماسکو میں ملاقات کر رہے ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے کہ جب ترک صدر رجب طیب اردوغان نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ اپنے شامی اور روسی ہم منصب بشار الاسد اور ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات چاہتے ہیں۔

ٹیگس