Dec ۲۹, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام کا شیخ علی سلمان کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

بحرین کی جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان اور دوسرے سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے بحرینی عوام نے وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے دارالحکومت منامہ میں وسیع پیمانے پر مظاہرہ کر کے بحرین کی جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان اور دوسرے سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے ایک بار پھر مظاہرہ کیا اور قیدیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل مردہ باد اور شیخ علی سلمان کو رہا کرو کے نعرے لگائے۔

اس رپورٹ کے مطابق منامہ میں کئے جانے والے اس مظاہرے کے شرکا نے فلسطینی امنگوں کی حمایت کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ بحرین کے تعلقات معمول پر لائے جانے پر اپنی مخالفت کا بھی اظہار کیا ۔ بحرینی عوام نے پرجوش انداز میں کہا ہے کہ وہ بحرین کی جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

واضح رہے کہ جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کو 8 سال قبل جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر کے پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ اور جاری مظاہرے گرفتاری و قید کی آٹھویں برسی پر ان سے ایک بار پھر یکجہتی کے اظہار کے طور پر کئے جا رہے ہیں۔

بحرینی عوام نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے شروع کیا ہے ایسے مطالبات کے ساتھ جن میں ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کی ضرورت شامل ہے تاہم عجیب بات تو یہ ہے کہ بحرین کی آل خلفیہ حکومت نے اپنے ملک کے عوام کے مطالبات کے جواب میں ان کی سرکوبی کے لئے سعودی عرب سے مدد کی درخواست کی اور آل سعود حکومت نے بھی لشکر کشی کرتے ہوئے بحرینی عوام کی سرکوبی کا عمل شروع کر دیا اور عالمی برادری نے بھی بحرین کے خلاف سعودی عرب کے اقدام پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔

بحرین میں جاری بحران کے نتیجے میں دسیوں عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ انسانی حقوق کے گروہوں نے بارہا بحرینی عوام کی سرکوبی کی مذمت کرتے ہوئے اس قسم کے اقدامات کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ٹیگس