غرب اردن پر صیہونی جارحیت، 6 فلسطینی زخمی
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنا کر چھے فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے منگل کو غرب اردن کے علاقے رام اللہ کو جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی جوانوں میں شدید جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں میں چھے فلسطینی زخمی ہوئے۔ صیہونی فوجیوں ںے اسی طرح رام اللہ کے علاقے بیت ریما سے صیہونی جیل سے رہا ہونے والے ایک فلسطینی کو اس کے والد کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے علاقے بیت لحم میں واقع الدہیشہ کیمپ میں داخل ہو کر فائرنگ کی اور سولہ سالہ فلسطینی نوجوان آدم عیاد کو شہید کر دیا۔
بنیامین نیتن یاہو نے گزشتہ جمعرات کو ایک بار پھر وزیراعظم کے طور پر غاصب صیہونی حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے اور انہوں نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر میں اضافے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے، صیہونی فوج اور مسلح آباد کاروں کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور فلسطینی خواتین اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں، اپنی جوابی اور انتقامی کارروائیاں تیز کر دی ہیں جس کے نتیجے میں غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں طاقت کا توازن اب تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔