صیہونی وزیر کی مسجد الاقصیٰ میں دراندازی پر فلسطین کا ردعمل
اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب نے مسجد الاقصیٰ میں صیہونی وزیر کی دراندازی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اس قسم کے اقدامات کو لگام دینے کی اپیل کی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے غاصب صیہونی ریاست کے انٹرنل سکیورٹی کے وزیر ایتامار بن گویر کی مسجد الاقصیٰ میں دراندازی کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بنیامن نتن یاہو کی انتہاپسند کابینہ کے اشتعال انگیز اقدامات کی روک تھام کے لئے میدان میں آئے۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ مسجد الاقصیٰ میں ہوا فلسطین عوام ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ اس قسم کے اقدامات دوبارہ دہرائے جائیں۔
واضح رہے کہ اپنی انتہاپسندی اور اشتعال انگیزی کے لئے بدنام صیہونی وزیر بن گویر گزشتہ پانچ برسوں میں پہلی بار منگل کے روز مسجد سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ مسجد الاقصیٰ میں درآیا تھا۔
اس وزیر نے عہدہ سنبھالتے ہی صیہونی فوجیوں کو فلسطینیوں کے قتل کے لئے فری ہینڈ دے دیا ہے۔ صیہونی وزیر کے اس اقدام پر دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے منفی ردعمل سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے نابلس کے مشرق میں صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ اس نوجوان کو بلاطہ کیمپ میں نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق ایک اور نوجوان غاصب صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہوا ہے اور اسکی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے۔