Jan ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  •  فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پرعام سوگ اور ہڑتال

گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صیہونی فوجیوں نے اپنی بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا ہے تین فلسطینیوں کی شہادت کے سوگ میں غرب اردن کے شہر جنین میں عام ہڑتال کی گئی ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: غرب اردن میں صیہونی فوجیوں نے دو فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا۔ یہ واقعہ جنین کے جنوبی مضافات میں واقع جبع کالونی میں پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ شہادت سے قبل ان دو فلسطینی مجاہدوں نے ڈٹ کر صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کیا تھا۔ 
دوسری طرف دس روز قبل صیہونی غاصب فوجیوں نے الیامون شہر میں جس فلسطینی شہری کو گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، وہ بھی آج طبی عملے کی تمام کوششوں کے باوجود، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے، شہید ہوگیا۔ 
اس طرح گذشتہ چوبیس گھنٹے میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد تین تک پہنچ گئی۔ جنین میں فلسطینیوں نے اس کیمپ اور مضافاتی علاقوں میں عام سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ سن دو ہزار تیئیس کے ابتدائی دو ہفتے میں صیہونیوں نے اب تک بارہ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہید نوجوانوں نے وقار اور افتخار کے ساتھ فلسطینی کاز کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ 
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ہفتے کی صبح کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ غاصبوں کے خلاف جنین کی شاندار مزاحمت جاری رہے گی اور اس خطے کے نوجوان اپنی جان کی پروا کئے بغیر فلسطین کی آزادی کے راستے پر گامزن رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنین فلسطین کے دیگر علاقوں کی طرح ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے جس کا نتیجہ فلسطین کی آزادی اور کامیابی اور غاصب افواج کی شکست کی شکل میں سامنے آئے گا۔
یاد رہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ چند مہینوں سے فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف مظالم کا سلسلہ بڑھا دیا ہے جس کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 
غرب اردن میں عرین الاسود جیسے مسلح استقامتی گروہوں اور تنظیموں کی بڑھتی سرگرمیوں نے بھی صیہونیوں کی نیندیں حرام کرکے رکھ دی ہیں۔ 

ٹیگس