شہادت پسندانہ آپریشن سے بوکھلائی صیہونی حکومت کا فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن
مقبوضہ بیت المقدس میں شہادت پسندانہ آپریشنز اور مقبوضہ اراضی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے بعد صیہونی فوج نے فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں شروع کر دی ہے۔ جبکہ قلقیلیہ میں حملہ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا ہے
سحر نیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے کئی شہروں سے کم سے کم ساٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے قلقیلیہ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مارکر شہید کردیا ۔ اس سے پہلے مقبوضہ بیت المقدس میں جمعے کی شب شہادت پسندانہ کی کارروائی کے بعد صہیونی فوجیوں نے بیالیس فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اسرائیلی پولیس کی نگرانی کے شعبے کے سربراہ یعقوب شیبتائی نےکہا ہے کہ ہفتے کی صبح سے تمام پولیس اہلکار بارہ گھنٹے کی شفٹوں میں کام کریں گے جبکہ پولیس نے مقبوضہ علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ اگر وہ کسی بھی مشتبہ شخص کو دیکھیں تو محکمہ پولیس سے رابطہ کریں۔
صیہونی حکومت کے چینل چودہ نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کے روز سے فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونیوں کے خلاف ستاون کارروائیاں انجام دیں۔
جمعرات کو صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہر جنین پر حملہ اور درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا تھا جبکہ اس حملے میں بیس فلسطینی زخمی بھی ہوئے تھے۔
صہیونی فوج کے اس گھناونے جرم کے صرف ایک دن بعد ہی ایک فلسطینی نوجوان نے مقبوضہ بیت المقدس میں شہادت پسندانہ مزاحمتی کارروائی کی جس کے نتیجے میں آٹھ صہیونی ہلاک اور بارہ زخمی ہوئے۔ بعض ذرائع نے ہلاک ہونے والے صیہونیوں کی تعداد دس بتائی ہے۔
فلسطینی عوام نے صیہونیت مخالف کارروائیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں جشن منایا اور مزاحتمی تنظیموں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس دوران تحریک جہاد اسلامی نے کہا کہ فلسطینی عوام صیہونیوں کو مسلح کیے جانے سے ہرگز خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔
اسلامی جہاد تحریک کے شعبہ سیاسی امور کے سربراہ محمد الہندی نے اتوار کے روز کہا کہ فلسطینی قوم صیہونی حکومت کی جارحیت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی اور تمام شہروں میں ان کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صیہونی حکومت نے فلسطینی نوجوان کی جرآئت مندانہ کارروائی اور آپریشن پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کسی بھی اقدام کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
تحریک جہاد اسلامی کے رہنما محمد الہندی نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ فلسطینی قوم کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔