فلسطینوں کے جوابی حملے تیز، 1 آبادکار زخمی
فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نابلس میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے دو نوجوان زخمی ہوئے اور مغربی کنارے میں ایک صیہونی زخمی ہوا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: خبر رساں ذرائع نے بدھ کے روز خبر دی کہ نابلس میں واقع "بلاطہ" کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں دو فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب خبری ذرائع نے رام اللہ کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کی کارروائی میں ایک صیہونی آباد کار کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے اس کارروائی اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی شہادت پسندانہ کارروائی کے ردعمل میں مغربی کنارے میں مسلسل سیکورٹی کنٹرول پر تاکید کی۔
اسی سلسلے میں صیہونی اخبار "یدیعوت احارنوت" نے اسپتال ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے اسرائیلی افسر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
یہ فوجی افسر جنین میں صیہونی جرائم کے بعد السلوان علاقے میں 13 سالہ فلسطینی نوجوان "محمد علیوت" کی کارروائی میں زخمی ہوا تھا۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے امور کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ نئے سال کے آغاز سے اسرائیلی حکومت نے اب تک 914 فلسطینیوں کو حراست میں لے چکی ہے جنہیں اس نے مقدمات کے بغیر گرفتار کیا ہے اور صیہونی حکومت کا یہ قدم مغربی کنارے میں گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پھیلاؤ کو ظاہر کرتا ہے۔
صیہونی حکومت کے سیکورٹی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں مسلح کارروائیوں کے امکان کے بارے میں انتباہات کی تعداد میں نمایاں اضافہ گزشتہ مدت کے مقابلے میں تین گنا بڑھ گیا ہے۔
اسرائیلی حکومت کے سیکورٹی ادارے نے مزید کہا کہ وہ رمضان کا مہینہ قریب آتے ہی حقیقی کشیدگی میں اضافے سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار کر رہی ہے۔