قاہرہ قدس کانفرنس کا فلسطینی مزاحمت کی حمایت و دفاع پر زور
قبلۂ اول بیت المقدس کے موضوع پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس ہوئی جس میں فلسطینی مزاحمت و استقامت کی حمایت پر زور دیا گیا۔
سحر نیوز/عالم اسلام: گزشتہ روز قدس، پائداری اور ترقی کے زیر عنوان اس بین الاقوامی کانفرنس میں عرب ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے اعلیٰ سطحی وفود شریک تھے جنہوں نے بیت المقدس کے تحفظ اور غاصب صیہونی حکومت کے منصوبہ بند مجرمانہ اور جارحانہ اقدامات کے بالمقابل فلسطینیوں کے مزاحمتی اقدامات کی حمایت و دفاع پر زور دیا۔
کانفرنس کے بعد جاری شدہ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ فسلطین کے مسئلے کو بیت المقدس کی مرکزیت کے ساتھ نصاف کے تقاضوں کی بنیاد پر حل کئے جانے کی ضرورت ہے اور یہ مسئلہ سبھی عرب اقوام، حریت پسندوں اور بین الاقوامی ضابطوں، انسانی حقوق اور عدل و انصاف کے پابند سبھی افراد کا بنیادی مسئلہ ہے۔
کانفرنس کے جاری کردہ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ علاقے میں ہمہ جہتی عدل و انصاف اور صلح و استحکام تبھی فراہم کیا جا سکتا ہے جب غیر قانونی صیہونی ریاست کا شیرازہ بکھر جائے اور فلسطینی قوم کو انکے چھینے گئے مسلمہ حقوق لوٹا دئے جائیں جن میں حق خود ارادیت، اپنی مادر وطن کی جانب واپسی اور خود مختاری شامل ہے۔
ساتھ ہی کانفرنس کے شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی قوم کی حمایت میں عملی اقدامات عمل میں لائیں اور صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیتوں اور نسل پرستانہ اقدامات کا مقابلہ کریں۔
اطلاعات کے مطابق اس کانفرنس میں مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی، اردن کے حکمراں ملک عبد اللہ ثانی، فلسطین کے صدر محمود عباس اور عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد عبد الغیث بھی شریک تھے۔