Feb ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • دمشق کے ایک علاقے پر صیہونی حکومت کا حملہ

غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے دمشق میں بعض اہداف کو نشانہ بنائے جانے کے بعد شامی فوج کے فضائی دفاعی سسٹم نے اس جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دمشق کی فضا میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

اس نیوز ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ شام کے اینٹی ایرکرافٹ سسٹم نے دمشق کی فضا میں دشمن کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔

پریس ذرائع نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے دمشق کے کفرسوسہ علاقے پر میزائل داغا ہے۔

صیہونی حکومت کے اخـبار یدیعووت احارانوت نے دمشق کے جنوب میں واقع کفرسوسہ علاقے میں صیہونی حکومت کی جانب سے ایک عمارت کو نشانہ بنائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس حملے میں آٹھ سے نو افراد مارے گئے ہیں۔

دمشق پولیس ہیڈ کوارٹر کے حوالے سے سانا نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ کفرسوسہ علاقے میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں کئی افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ دمشق پر صیہونی جنگی طیاروں کے حملے کے ساتھ ہی ان طیاروں نے شام کے صوبے سویدا میں شہر شہبا میں شامی فوج کے تل المسیح کے ریڈار سسٹم کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

دمشق پر صیہونی فوج کے حملے کے دوران رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ فوجی مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

شام کے شہری ہوابازی کے وزیر نے کہا ہے کہ دمشق کا بین الاقوامی ایرپورٹ اس حملے سے بچا رہا ہے۔

دمشق پر صیہونی حکومت کا یہ حملہ ایسی حالت میں انجام پایا ہے کہ اس سے قبل شمال مشرقی شام کے مقامی ذرائع نے خبر دی تھی کہ اس علاقے میں امریکی فوج کے دو مراکز پر راکٹ حملہ ہوا ہے۔

العمر آئل فیلڈ اور کونیکو گیس فیلڈ کے قریب امریکی فوجی ٹھکانوں پر یہ حملے ہفتے کی رات ہوئے۔

روسی خبر رساں ایجنسی نے بھی اعلان کیا ہے کہ العمر میں امریکی فوجی مرکز پر تین راکٹوں سے حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اس فوجی مرکز میں آگ بھی لگ گئی۔

اس سے قبل بھی شام میں امریکی فوجی ٹھکانوں پر بارہا حملے ہوئے ہیں۔ شام میں امریکی فوجی مراکز پر حملوں کا یہ سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ شام کی حکومت اور عوام نے اپنے ملک میں امریکہ کی غیر قانونی فوجی موجودگی پر بارہا اعتراض و احتجاج کیا ہے۔

شام میں امریکی فوجی شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں مسلح عناصر کی بھرپور حمایت کرتے رہے ہیں جبکہ یہ مسلح عناصر شام کے توانائی کے ذرائع کو تباہ و برباد کرنے پر لگے ہوئے ہیں جبکہ ان ذرائع کی لوٹ کھسوٹ بھی جاری ہے۔

ٹیگس