مقبوضہ فلسطین میں سول نافرمانی کا آغاز ہو گیا (ویڈیو)
فلسطینی باشندوں نے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی دہشتگردی اور انتہا پسندانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے سول نافرمانی کا عزم کر لیا ہے اور گزشتہ دو روز سے اس کا سلسلہ باقاعدہ جاری ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطینی خبررساں ایجنسی سماں کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے مقبوضہ خطے کے مختلف علاقوں منجملہ شعفاط کیمپ، عناتا، جبل المکبر، الرام اور العیساویہ کی بستیوں میں سول نافرمانی کا آغاز کرتے ہوئےعلاقے کی کئی راہوں اور شاہراہوں کو بند کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے ہر قسم کی نقل و حرکت بالخصوص علاقے میں صیہونیوں کی گاڑیوں کو آنے سے روکنے کے لئے پتھروں اور دیگر آہنی اشیا سے راستے بند کردئے۔
اس سول نافرمانی کا آغاز اتوار کو اُس وقت ہوا جب مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع شعفاط کیمپ میں سرگرم فلسطین کی قومی و اسلامی تنظیموں نے غاصب صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ، نسل پرستانہ اور انتہا پسندانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے اسکی کال دی۔
فلسطینی تنظیموں کے بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کام پر نہ جائیں، شہری خدمات کا ٹیکس اور بل وغیرہ نہ بھریں اور صیہونی اداروں کے ساتھ ہر قسم کے تعاون اور سودے بازی سے پرہیز کریں۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ شعفاط کیمپ کی جانب جانے والے ہائی وے کو بند رکھا جائے گا اور وہاں سے اس کیمپ میں داخل ہونے کا امکان نہیں ہوگا۔