دہشت گرد گروہ داعش نے مزار شریف دھماکے کی ذمہ داری قبول کی
دہشتگرد گروہ داعش نے مزار شریف دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: افغان خبر رساں ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق دہشتگرد گروہ داعش نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے افغانستان کے شیعہ مسلمانوں اور طالبان حکام کے بارے میں اپنے غیر انسانی اور تکفیری افکار کی تکرار کرتے ہوئے مزار شریف میں ثقافتی سینٹر تبیان اور خبر رساں ایجنسی آوا کے دفتر میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی۔
افغانستان کے ثقافتی سینٹر تبیان کے صدر عیسیٰ حسینی مزاری نے مزار شریف میں ہونے والے دھماکے کے عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے طالبان حکومت کے سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ دھماکے میں ملوث در پردہ اور آشکارا دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کریں۔
واضح رہے کہ ہفتے کی صبح افغانستان کے صوبۂ بلخ کے مرکزی شہر مزار شریف میں ثقافتی سینٹر تبیان میں خوفناک دھماکہ ہوا جس میں 3 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب صحافیوں کی قدردانی کی غرض سے منعقدہ ایک تقریب جاری تھی۔ تقریب کے وقت 25 صحافی وہاں موجود تھے۔