Mar ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • حوارہ میں صیہونیت مخالف فلسطینی کارروائیوں کا خیرمقدم

فلسطینی گروہوں نے غرب اردن کے علاقےحوارہ میں فلسطینیوں کی صیہونیت مخالف کارروائیوں اور فائرنگ کے واقعے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں دو صیہونی زخمی ہوئے ہیں اور اس قسم کی کارروائیوں کو صیہونی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینیوں کا فطری جواب قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اٹھائیس سالہ فلسطینی جوان لیث ندیم نصار نے صیہونی حکومت کی آئے دن کی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے علاقے نابلس میں واقع حوارہ کے میں صیہونی انتہا پسندوں کی گاڑی پر فائرنک کردی جس میں دو صیہونی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوارہ میں انجام پانے والا جرآتمندانہ اقدام مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت کے جواب میں ایک فطری ردعمل ہے۔ 
حماس کے ترجمان کہا کہ فلسطینی قوم غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کا عزم رکھتی ہے اور غاصب صیہونیوں کو اپنی ہر جارحیت کا تاوان ادا کرنا پڑے گا۔ 
انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری رہا ہے۔
فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے کہا ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔ 
اس سے قبل تک مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقوں اور غزہ میں فلسطینیوں کی استقامت کا سامنا کر رہے تھے مگر اب غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونیت مخالف کاروائیاں تیز ہوگئی ہیں اور فلسطینیوں نے غاصب صیہونیوں کو ناکوں چنے چبوادیئے ہیں جس کی بنا پر صیہونی حکام کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اور وہ سخت تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ 
جہاد اسلامی فلسطین نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ حوارہ کے علاقے میں صیہونی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں کی کاروائی ایک فطری ردعمل ہے۔ 
فلسطین کی تحریک مزاحمت میں شامل مجاہد گروہ سرایا القدس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونیوں کے خلاف ہتھیار اٹھ چکے ہیں اور مسلح جدوجہد تمام فلسطینی گروہوں میں اتحاد کا باعث بنتی جا رہی ہے۔ 
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے بھی حوارہ میں فلسطینیوں کی جوابی کاروائی کو صیہونی دشمن پر کاری ضرب اور شرم الشیخ اجلاس پر فلسطینی عوام کا سخت جواب قرار دیا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں کے باوجود فلسطینیوں کی بڑھتی ہوئی استقامت سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ آئندہ دنوں میں فلسطینیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔ 

ٹیگس