صیہونی فوجیوں کا فلسطینی مظاہرین پر حملہ، دسیوں زخمی
غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں میں جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس بار صیہونیوں نے فسلطین کے مغربی کنارے میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر دھاوا بول دیا جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا نیوز نے فسلطینی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مقبوضہ علاقے کے نابلس صوبے میں بیت دجن اور بیتا، قلقیلیہ صوبے کے کفر قدوم ٹاؤن اور رام اللہ کے اللبن الغربی میں فلسطینیوں نے ناجائز صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کو منتشر کرنے اور انکی سرکوبی کے لئے صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کے گولوں کے علاوہ اسٹیل کوٹڈ گولیوں کا بھی استعمال کیا جس سے دسیوں فلسطینیوں کو زخم اٹھانا پڑ گئے۔
دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے جمعے کی شب بیت المقدس کے شعفاط کیمپ، الطور، ام طوبیٰ اور الرام بستیوں میں بھی فسلطینیوں پر دھاوا بولا۔
اُدھر مقبوضہ بیت المقدس کے باب العامود پر فلسطینیوں نے اکٹھا ہو کر عرین الاسود مزاحمتی تنظیم اور جنین کیمپ کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران مقبوضہ فلسطین میں بڑھتی صیہونی انتہاپسندی اور دہشتگردی کا ہر ممکن شکل میں مقابلہ کرنے کے لئے فلسطینی نوجوانوں نے کمر کس لی ہے اور اس مدت کے دوران وہ سیکڑوں مزاحمتی کارروائیاں انجام دے چکے ہیں جن کے دوران دسیوں فلسطینی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔