شام میں امریکی فوجی اڈہ دھماکوں سے گونج اٹھا، کئی ڈرون تباہ
شام کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیرالزور میں امریکہ کے فوجی اڈے سے کل رات زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مھر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے علاقے دیرالزور میں امریکی فوجی اڈے کونیکو آئل اسکوائر میں کل رات خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ کے کئی ڈرون طیارے عراقی سرحد کے قریب واقع علاقے السکریہ میں تباہ ہوئے۔ تاہم ہونے والے دھماکوں کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دیرالزور میں واقع اس فوجی اڈے پر گزشتہ ایک ماہ میں ہونے والا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ اس سے قبل ہونے والے حملے میں متعدد راکٹ فائر کئے گئے تھے۔
دوسری جانب شام، اردن اورعراق کی سرحد کے قریب واقع علاقے التنف میں امریکہ کی قیادت میں عالمی اتحاد سے متعلق ہیلی کاپٹروں نے پروازیں کیں۔
التنف کا علاقہ شام کے اہم ترین اسٹریٹجیک علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ شام میں امریکہ کے فوجی ٹھکانے نہ صرف شام بلکہ علاقے کے مختلف ملکوں نیز پورے علاقے کے لئے بدامنی و عدم استحکام کا باعث بنے ہوئے ہیں۔