Apr ۲۲, ۲۰۲۳ ۰۵:۴۰ Asia/Tehran
  • عید فطر خدا کی عبادت اور اس سے تقرب کا دن

ماہ رمضان ماہ رحمت و مغفرت، ماہ ضیافت خدا اپنی تمام تر وسعتوں کے ساتھ رخصت ہوا مگر جاتے جاتے ہمیں عید فطر جیسے عظیم تحفے سے نواز گیا۔ بندگان خدا آپ سبھی کوعید بندگی، عید فطرت بہت بہت مبارک ہو۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: رمضان کا مہینہ اپنی تمام تر عظمتوں، کرامتوں اور رحمت کی فضاؤں کے ساتھ تمام ہوا اور پوری دنیا کے مسلمانوں نے اس مہینے میں دنوں کے روزوں، دعا و توسل، ذکر و عبادت اور قرآن مجید کی تلاوت کی برکت سے اپنے قلوب کو زیادہ منور اور خدا سے زیادہ قریب کر لیا۔

خداوند عالم نے اس مہینے کے آخر میں ایک ایسا دن رکھا ہے جو عید کا دن ہو، اجتماع کا دن ہو، بہت بڑا دن ہو۔ مسلمان بھائی ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کریں، ماہ مبارک رمضان میں حاصل ہونے والی کامیابی اور توفیق کی قدردانی کریں، اپنے اور خدا کے (درمیان اعمال کا) احتساب کریں، جو کچھ اس مبارک مہینے میں ان کے لیے ذخیرہ ہو چکا ہے اسے اپنے لیے محفوظ رکھیں۔ وہ دن، عید کا دن ہے۔

عید فطر کا دن اگرچہ عید ہے لیکن عبادت، توسل، ذکر خدا اور خدا سے قریب ہونے کا بھی دن ہے۔ یہ دن نماز سے شروع ہوتا ہے اور دعا اور توسل پر ختم ہوتا ہے۔ اس دن کی قدر کیجیے، تقوے کے ذخیرے کو غنیمت جانیے اور عید فطر کی اہمیت کو سمجھیے۔-

یہ دن، بہت عظیم دن ہے اور نبی اکرم حضرت خاتم الانبیاء (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) نیز پوری تاریخ کی تمام اسلامی امتوں سے متعلق ہے- ہر عید فطر ایک آگاہ اور ہوشیار مسلمان انسان کے لیے ایک حقیقی عید کا دن ہو سکتی ہے۔ معنوی اور روحانی زندگی کا دوبارہ آغاز، پودوں اور درختوں کے لیے بہار کی مانند ایک انسان کو، جو ممکنہ طور پر پورے سال مختلف قسم کے گناہوں اور برائیوں میں مبتلا رہا ہو اور جس نے نفسانی خواہشات نیز بری خصلتوں کے سبب اپنے آپ کو رحمت الہی سے دور کرلیا ہو، پروردگار عالم کی جانب سے ہر سال ایک سنہری موقع عطا کیا جاتا ہے، اور وہ موقع ماہ مبارک رمضان ہے۔

ماہ رمضان میں دل نرم ہو جاتے ہیں، روحوں میں بالیدگی اور درخشندگی آتی ہے، انسان، خدا کی خصوصی رحمت کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہوتے ہیں اور ہر کوئی اپنی استعداد، کوشش اور جدوجہد کے مطابق ‌ضیافت الہی سے بہرہ مند ہوتا ہے۔

ماہ مبارک رمضان کے ختم ہوتے ہی، نئے دن کا آغاز، عید الفطر کے نام سے ہوتا ہے یعنی وہ دن کہ جب انسان ماہ رمضان میں حاصل کیے گئے نتیجوں سے استفادہ کرکے خدا کے سیدھے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے اور غلط راستوں سے بچ سکتا ہے۔

*سحرعالمی نیٹ ورک خوشی اور مسرت کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہے*

ٹیگس