Apr ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران مسلمان اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، صدر پزشکیان

ایرانی صدر نے متحدہ عرب امارات کے سربراہ کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو کے دوران ہمسایہ اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

سحرنیوز/ایران:  موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے  صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان نے متحدہ عرب امارات کے حاکم "شیخ محمد بن زید النہیان" کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران انہیں عیدالفطر کی مناسبت سے مبارکباد دی۔  انہوں نے امید ظاہر کی کہ امت مسلمہ عیدالفطر کی برکت سے اتحاد اور یکجہتی کی طرف بڑھے گی۔ 

صدر پزشکیان نے پڑوسی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے تہران کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عرب امارات کے سربراہ سے کہا: ہم آپ کے ایران کے دورے کے منتظر ہیں جس میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر بات چیت ہوگی۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سربراہ نے ایرانی صدر اور عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ عید الفطر کی برکت سے ہمارا دوست اور برادر ملک ایران امن، صحت اور ترقی کی راہ میں آگے بڑھے گا۔ 

شیخ محمد بن زید آل نہیان

شیخ محمد بن زید آل نہیان نے ایران کی ہمسایہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں ایران کا دورہ کرنے میں  دلچسپی رکھتا ہوں جہاں ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور دونوں قوموں کے روشن مستقبل کے لئے مشترکہ تعاون پر بات چیت کریں گے۔

 

ٹیگس