سوڈان میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری، ہسپتالوں کو مشکلات کا سامنا
سوڈان میں عبدالفتاح البرہان اورحمدان حمیدتی کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام:سوڈان میں دونوں متحارب فریقوں نے جنگ بندی کے پانچویں معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کی وجہ سے دارالحکومت خرطوم کے مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ فرانس پریس نے رپورٹ دی ہے کہ الجنینا شہر میں چوہتر افراد کے مارے جانے کے بعد سوڈان میں جاری جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ سو چوہتر ہو گئی ہے۔
اس دوران سوڈان کے شہر ام درمان میں ال ناؤ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی یونین نے ملک میں جاری جنگ کے دوران ادویات اور طبی سازوسامان کی کمی پر تنقید کی ہے۔
ڈاکٹروں کی اس یونین کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے زخمیوں کی بڑی تعداد کے لیے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعداد کم پڑ گئی ہے۔
ال ناؤ ہسپتال کے ڈاکٹر علا محمد کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمیں میڈیکل ٹیموں اور طبی سازسامان کی شدید کمی کا سامنا ہے اور طبی عملے کی کمی کی وجہ سے ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت میڈیکل اسٹاف کی شفٹیں طویل ہو گئی ہیں۔
درایں اثنا ام درمان کے ہسپتال میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے افراد کا کہنا ہے کہ ایمبولینسوں کے لیے پیٹرول اور ہسپتال میں ضروری طبی سازسامان موجود نہیں ہے۔