May ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیاں، دو فلسطینی شہید

غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کے تازہ وحشیانہ حملے میں کم سے کم دو فلسطینی شہید ہوگئے جس کے جواب میں فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں کئی صیہونی فوجی زخمی ہوگئے ہیں

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے فوجی بازو سرایاالقدس کی بٹالین نے کہا ہے کہ اس نے غرب اردن میں صیہونیت مخالف کارروائی انجام دے کر متعدد صیہونی فوجیوں کو زخمی کردیا ہے۔ جہاد اسلامی کے فوجی  بازو سرایا القدس سےوابستہ طوباس  گروپ  نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کی ایک بٹالین نے بدھ کی صبح الصوافہ کے علاقے میں گھات لگا کر صیہونی فوجیوں پر حملہ کیا  اس کارروائی میں متعدد صیہونی فوجی زخمی ہوگئے جبکہ ان کی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اس سے پہلے صیہونی فوجیون نے غرب اردن کے شہر جنین کے جنوب میں وحشیانہ کارروائی میں دو فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا -

فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح جنین شہر کے جنوب میں واقع قباطیہ میں دو فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا اس حملے میں ایک فلسطینی زخمی بھی ہوا ہے۔ قباطیہ میں سرایاالقدس کی بٹالین نے اعلان کیا ہے کہ ان دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کے بعد فلسطینی مجاہدین نے اس علاقے میں صیہونی فوجیوں پر حملہ کیا اس درمیان جنین میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اس پورے علاقے میں عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے دفتر نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح غرب اردن کے کئی علاقوں پر حملے کرکے کم سے کم پندرہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ صیہونی بستیوں میں رہنے والے انتہا پسند صیہونیوں نے رام اللہ کے مشرق میں دیردیون صیہونی بستی پر حملہ کرکے فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی ۔

اس درمیان صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کے جوابی میزائلی حملوں کے خوف سے اسرائیلی حکام نے غزہ کے قریب واقع صیہونی بستیوں کے اسکولوں  میں چھٹی کا اعلان کردیا ۔  صیہونی حکومت فلسطینیوں کے جوابی میزائلی حملوں سے بری طورپر وحشت میں مبتلا ہے اور ان حملوں کو روکنے کی توانائی نہیں رکھتی اسی وجہ سے اس نے ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کا راستہ اپنا لیا ہے۔

صیہونی حکومت نے منگل کی صبح سے غزہ پر اپنے وحشیانہ حملوں کا پھر سے آغاز کیا ہے اور ان وحشیانہ حملوں میں اب تک پندرہ فلسطینی شہید ہوچکےہیں جبکہ بہت سے فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس