Sep ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • اسلامی ممالک باہمی تعاون کے فروغ سے اپنے عوام اور مسلم اقوام کے لئے آسائش و سلامتی فراہم کریں

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کویت کے ولی عہد سے ملاقات میں تاکید کی ہے کہ اسلامی ملکوں کو باہمی تعاون بڑھا کر اپنے عوام اور مسلم اقوام کے لئے رفاہ و آسائش اور سلامتی فراہم کرنا چاہئے۔

سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جمعہ 26 ستمبر کی شام نیویارک میں، کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد االصباح سے ملاقات میں اسلامی ملکوں اور پڑوسیوں کے ساتھ روابط کے فروغ نیز ان کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی حمایت کو ایران کی اصولی پالیسیوں میں شمار کیا۔

 انھوں نے کویت کے ساتھ روابط اور تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دوست اور برادر ملک کویت کے  ساتھ سبھی شعبوں میں تعاون میں توسیع چاہتا ہے ۔

صدر ایران نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے باہمی روابط اور تعاون میں زیادہ سے زیادہ فروغ دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے میں ہے۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی ملکوں کے اتحاد و یک جہتی کو آج کی دنیا کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور کہا کہ رسول اکرم صل اللہ علیہ والہ وسلم کی سفارشات اور دینی تعلیمات کے مطابق مسلمین ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور انہیں اپنے اختلافات باہمی بات چیت سے حل کرنا چا ہیئے ۔

   صدر ایران نے کہا کہ امت اسلامیہ کا اتحاد ویک جہتی جتنا محکم ہوگی اور ہم  باہمی اقتصادی، سیاسی، سائنسی، تکنیکی تعاون جتنا بڑھائيں گے اور ترقی و پیشرفت میں ایک دوسرے کی جتنی مدد  کریں گے، اتنا ہی ہمارے عوام اور سبھی مسلم اقوام کے لئے امن و سکون اور رفاہ و آسائش فراہم ہوگی۔  

 صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ علاقے میں صیہونی حکومت کے حالیہ اقدامات اور کئی اسلامی ملکوں پر اس  کے حملے، صیہونی حکام کی  گھناؤنی نیتوں کے برعکس، علاقے میں ہم دلی اور یک جہتی بڑھنے پر منتج ہوئے  اور وہ ممالک بھی جو کل تک اس حکومت کے ساتھ تھے، آج اس کے جرائم کی وجہ سے، اس سے متنفر ہوچکے ہیں۔   

 انھوں نے ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکا، صیہونی حکومت اور ان کے بعض یورپی اتحادیوں کے  جھوٹے پروپیگنڈوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ ہم نے بارہا  اعلان کیا ہے ،  ہم کبھی بھی ایٹمی اسلحے کی فکر میں نہیں تھے۔

  صدر ایران نے کہا کہ ہمارا ایٹمی پروگرام پر امن ہے اور اس کا مقصد جوہری توانائی سے ، طب، صنعت، زراعت اور اپنے عوام کی دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے میں کام لینا ہے۔   

 کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر پزشکیان کو امیر کویت کا پرخلوص سلام پیش کیا اوراسلامی نیز پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے روابط کے فروغ کے تعلق سے ایران کی مساعی کو قابل تعریف بتایا۔

  انھوں نے کہا کہ ایران علاقے میں امن وثبات بڑھانے کے لئے کام کررہا ہے اور اس کے برعکس صیہونی حکومت خطے میں کشیدگی بڑھا رہی ہے۔

کویت کے ولی عہد نے کہا کہ ایران کے خلاف 12 روزہ جارحیت نے پورے علاقے کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔

 انھوں نے ایران کے ساتھ روابط کے فروغ اور استحکام میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اعلان کیا اور کہا  کہ ہم علاقائی بالخصوص مسلم ملکوں کے درمیان روابط کی تقویت کے  لئے ایران کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں تعاون کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہیں۔

ٹیگس