May ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کی جارحیت، فلسطینی مجاہدین کی استقامت

صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں مزید دو فلسطینیوں کو گولی مارکر شہید کردیا ہے جبکہ فلسطینی مجاہدین نے غزہ پر پچھلے کئی دنوں سے جاری صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا جواب دینے کے ساتھ ساتھ غرب اردن کے شہروں جنین اور نابلس میں بھی صیہونیوں کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع نے خبردی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس کے مشرق میں واقع بلاطہ کیمپ میں حملہ کرکے دو فلسطینیوں کو شہید اور سات دیگر کو زخمی کردیا ۔ فلسطین کی جمعیت ہلال احمر نے بھی ان دونوں فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس پر یہ حملہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب گذشتہ منگل سے غزہ پر بھی صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں ۔اس درمیان فلسطینی مجاہدین نے بھی غزہ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کا جواب دینے کے ساتھ ساتھ ہفتے کو غرب اردن میں بھی صیہونی فوجیوں کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے بلاطہ کیمپ میں صیہونی فوجیوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور انہیں مزید جارحانہ کارروائیوں سے باز رکھا۔ جنین میں بھی فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید مسلحانہ جھڑپ ہوئی ہے ۔ فلسطینی مجاہدین نے غزہ پر صیہونی فوج کے حملوں کے جواب میں غزہ سے ملحقہ غیر قانونی بستیوں میزائلوں اور راکٹوں سے حملہ کیا ۔ فلسطینی مجاہدین کے حملوں کے بعد صیہونی بستیوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔

اس درمیان اطلاعات ہیں کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے ہفتے کی صبح بھی غزہ پٹی پر بمباری کی ہے - خبروں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے غزہ کے مرکز میں شاہراہ یرموک پر ایک گھر کو نشانہ بنایا - صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے القدس بٹالین کے کمانڈر شہید بہا ابوالعطا کے گھر کو بھی نشانہ بنایا - صیہونی فوج نے بہا ابوالعطا کو دوہزار انیس میں ان کی اہلیہ اور بچوں سمیت شہید کردیا تھا - صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اپنے تازہ ترین حملوں میں غزہ میں متعدد رہائشی مکانات پر بمباری کی ہے۔ ان حملوں کے جواب میں جہاد اسلامی فلسطین نے صیہونی ٹھکانوں پر میزائلوں اور راکٹوں سے جوابی حملے کئے۔

ٹیگس