May ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • سابق سیاسی افراد کی واپسی بدعنوانی کا باعث بنے گی: طالبان

طالبان کی عبوری حکومت کے وزیراعظم مولوی عبدالکبیر نے کہا ہے کہ افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل اور حکومتی ڈھانچے میں سابق سیاسی رہنماؤں کی واپسی بدعنوانی کا سبب بنے گی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مولوی عبدالکبیر نے کابل میں طالبان حکومت کی کابینہ کے اعلی عہدیدارووں کے ساتھ اجلاس میں افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کے مطالبوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ موجودہ حکومت ہر لحاظ سے وسیع البنیاد ہے اور اس میں تمام اقوام کے نمائندے موجود ہیں ۔

مولوی عبدالکبیر کا کہنا تھا کہ اگر وسیع البنیاد کا مطلب یہ ہے کہ چند بدعنوان عناصر کہ جن کی افغانستان میں کوئی جگہ نہیں ہے اور وہ بھاگ چکے ہیں اور دوسرے ممالک کے پٹھو ہیں، حکومت میں شامل ہوں تو یہ ہماری قوم اور ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کی موجودگی سے حکومت وسیع البنیاد نہیں ہو جائے گی اور حکومت کو بدعنوانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

طالبان کی عبوری حکومت کے وزیراعظم نے طالبان کی حکومت کو تسلیم کیے جانے کے مسئلے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں دنیا کی ضرورت ہے تو دنیا کو بھی ہماری ضرورت ہے اور اس موضوع کو سمجھ کر موجودہ مشکل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل، شہریوں خاص طور پر افغان عورتوں اور لڑکیوں کی تعلیم اور کام اور ملازمت کے حق پر زور، طالبان حکومت سے عالمی برادری کے اصل مطالبات میں شامل ہے۔

ٹیگس