خرمشہر 4 میزائل کو روکنا ناممکن: وزارت دفاع
ایران کے نائب وزیر دفاع نے بتایا ہے کہ دشمنوں کا دفاعی نظام ایران کے نئے میزائل خرمشہر چار کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع جنرل سید مہدی فرحی نے بتایا کہ یہ میزائل بارہ منٹ کے اندر اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے لہذا دشمن کے اینٹی میزائل سسٹم اس کا مقابلہ کرنے کی ہرگز صلاحیت نہیں رکھتے۔
انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران بتایا کہ خرمشہر چار میزائل مکمل طور پر ایران میں ڈیزائن اور تیار ہوا ہے جسے بنانے والے نوجوان ایرانی ماہرین پر ملک کو فخر ہے۔
نائب وزیر دفاع نے کہا کہ بہت جلد اس مرحلے میں داخل ہوجائیں گے جہاں آئرن ڈوم اور فلاخن داوود سے بھی زیادہ طاقتور دفاعی سسٹم ہمارا مقابلہ نہیں کرسکے گیں ۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ جمعرات کو ایران نے خرمشہر سیریز کے چوتھے نمونے خیبر میزائل کی رونمائی کی تھی جو کہ ایک ہائپرسانک، اسٹیلتھ گائیڈڈ بیلسٹک میزائل ہے۔ اس میزائل کی رفتار خلا میں سولہ ہزار کلومیٹر فی گھنٹے اور زمین سے قریب آٹھ ہزار کلومیٹر فی گھنٹے تک پہنچ سکتی ہے۔