فلسطین کی تازہ ترین صورتحال
پریس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی جارحیت کے جواب میں غرب اردن کے مشرق میں میراؤ کے علاقے میں جوابی کاروائی کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کی القدس بٹالین نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے جنین کے مشرق میں واقع جلبون علاقے کے قریب میراؤ نامی صیہونی آبادی کے علاقے پر حملہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق جارحیت کے جواب میں حملہ کرنے کے بعد فلسطینی جوان بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
اسی طرح جنین کے جنوب میں قباطیہ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے طولکرم میں نور شمس کیمپ میں بھی صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے صیہونی آباد کاری کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کی سرکوبی کی اور غرب اردن کے شمال میں واقع بیت دجن میں دسیوں فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی صیہونی فوجیوں کی جانب سے استعمال کئے جانے والے مختلف قسم کے ہتھیاروں سے زخمی ہوئے۔ صیہونی فوجیوں نے قلقیلیہ میں بھی اسی قسم کے مظاہرے کی سرکوبی کی۔