شامی اپوزیشن بھی جھک گیا، حکومت سے مذاکرات کی خواہش
شام کی اپوزیشن پارٹیوں نے شام کی حکومت سے براہ راست مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام اور کئی عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے معمول پر آنے کے بعد شامی اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور شامی پیشرفت نے دمشق کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی بحالی کے لیے حالات فراہم کر دیئے ہیں۔
شامی حزب اختلاف کی مذاکراتی ٹیم نے اتوار کے روز جنیوا میں ایک اجلاس کے بعد شامی حکومت سے مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس وفد کے ارکان جنیوا میں اتوار اور پیر کو تین سال تک کوئی اجلاس نہ کر پانے اور دمشق اور متعدد عرب ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے بعد جمع ہوئے۔
المیادین چینل نے رپورٹ دی کہ اس وفد کے ارکان نے شامی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ اس چینل نے لکھا کہ شامی اپوزیشن نے جنیوا میں اپنی میٹنگ کے بعد شامی حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی طرف واپس آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
المیادین نے مزید لکھا کہ موجودہ بین الاقوامی، علاقائی اور شامی پیشرفت، دمشق کے ساتھ مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے موزوں حالات فراہم کرتے ہیں۔
یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب کئی عرب ممالک بشمول متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین وغیرہ کئی برسوں سے تعلقات منقطع رہنے کے بعد شامی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لائے ہیں۔