مستحکم لبنان، شام اور علاقے کے استحکام میں موثر ہے: بشار اسد
شام کے صدر بشار اسد نے دمشق میں لبنان کے سابق صدر میشل عون سے ملاقات کی ہے-
سحر نیوز/ عالم اسلام : شام کی نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق بشار اسد نے منگل کے روز اس ملاقات میں کہا کہ لبنان کی طاقت، اس کے سیاسی اور اقتصادی استحکام میں ہے اور لبنانی، اس ثبات و استحکام کو باہمی مذاکرات اور اتفاق رائے کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں- شام کے صدر نے مزید کہا کہ شام اور لبنان خود کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کو ایک دوسرے سے جدا نہیں سمجھ سکتے اور عرب ملکوں کے درمیان قربت، کہ جو جدہ میں عرب سربراہی اجلاس میں حاصل ہوئی، شام اور لبنان پر مثبت اثر ڈالے گی- میشل عون نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ لبنانی تمام مسائل کے باوجود اپنے قومی اتحاد پر قائم ہیں اور شام ، اپنے عوام کی بیداری اور ملک، فوج اور قیادت پر اعتماد کی بدولت ایک مشکل اور خطرناک مرحلے سے گزرا ہے - میشل عون نے آخری بار چودہ سال قبل شام کا سفر کیا تھا۔ قبل ازیں النشرہ ویب سائٹ نے اطلاع دی تھی کہ مشیل عون کا یہ دورہ شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے پر تاکید کے مقصد سے انجام پایا ہے- شام کے صدر نے اس سے قبل لبنانی وفد سے ملاقات میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو حالات سے متاثر نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں مضبوط بنانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔واضح رہے کہ دوہزار پانچ سے امریکی سازش کے باعث، بیروت اور دمشق کے درمیان تعلقات کے عمل میں لبنان کی جانب سے روڑے اٹکائے جانے کا مشاہدہ کیا گیا جبکہ شام ایسا نہیں چاہتا تھا اور وہ ہمیشہ لبنان کے ساتھ ایک برادر ملک کا برتاؤ کر رہا تھا-