صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینی قیدی کے گھر کی مسماری پر تحریک حماس کا ردعمل
فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان نے نابلس میں غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینی قیدی کے گھر کی مسماری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے اس قسم کے جرائم سے دشمنوں کے مقابلے میں فلسطینیوں کا عزم مزید مضبوط و مستحکم ہو گا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے جمعرات کو نابلس میں فلسطینی قیدی اسامہ الطویل کے گھر پر جنگی ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا۔
اسامہ الطویل فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہ عرین الاسود کا رکن ہے جس نے صیہونی فوج کے سارجنٹ ایدو باروچ کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس فلسطینی کا مکان تباہ کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین کی تحریک حماس اور عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ جرم کی شدید مذمت کی۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اس سلسلے میں اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کرنے کی صیہونی پالیسی، ذلت و رسوائی کی پالیسی ہے اور صیہونی حکومت کے اس قسم کے جرائم سے دشمنوں کے مقابلے میں فلسطینیوں کا عزم مزید مضبوط و مستحکم ہو گا۔
فلسطینیوں ںے انسانی حقوق کے گروہوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے ہر قسم کے وحشیانہ جرائم بند کرائیں۔