دریائے اردن کے مغربی کنارے میں انتفاضہ تحریک جاری
فلسطینی گروہوں نے رام اللہ کے شمال میں عیلی قصبے میں شہادت پسندانہ کارروائی کی مبارک باد پیش کی ہے کہ جس میں چار صیہونی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مزاحمی فورسز کی اس کاروائی کے بعد حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ عیلی قصبے میں شہادت پسندانہ کارروائی جنین کیمپ میں قابض صیہونیوں کی بربریت اور مسجد الاقصی پر ان کے حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے انقلابی مجاہدین ہر اس جگہ پر کہ جن کا قابض صیہونی تصور بھی نہیں کرتے ہیں، دشمن پر ضرب لگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عظیم انتفاضہ اور انقلاب جاری رہے گا اور ہرگز نہیں رکے گا مگر یہ کہ آزادی اور استقلال و خودمختاری پر مبنی ملت فلسطین کے اہداف حاصل ہو جائیں۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق سلمی نے بھی عزالدین القسام بریگیڈ کی کارروائی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ کاروائی ہر قسم کے حالات میں دشمن پر ضرب لگانے کی فلسطینی مجاہدین کی توانائی اور طاقت کو ظاہر کرتی ہے اور مزاحمتی فورسز ہر قسم کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسی سلسلے میں تحریک جہاد اسلامی کے رہنما داود شہاب نے ایک تقریر کے دوران کہا ہے کہ شہادت پسندانہ کاروائیاں غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کا فطری اور قدرتی جواب ہیں اور اس قسم کی کاروائی متوقع تھی کیونکہ یہ جنین پر قابض اسرائیل کے حملے کے ایک روز بعد کی گئی۔
فتح الانتفاضہ تحریک نے بھی عیلی قصبے میں شہادت پسندانہ کاروائی کی مبارک باد پیش کی ہے اور اسے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور جنین کیمپ کے شہدا کے خون کا انتقام لینے کے لیے مزاحمت سے وفاداری اور ناجائز اور قابض اسرائیلی حکومت کے مظالم کا قدرتی اور جائز جواب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابض حکومت کو جان لینا چاہیے کہ جب تک صیہونی، ملت فلسطین اور سرزمین فلسطین کے خلاف جارحیت جاری رکھیں گے، وہ محفوظ نہیں رہیں گے۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی ایک بیان میں صیہونی دشمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دشمن سے کہتے ہیں کہ یہ تو ابھی شروعات ہے اور جو چیز تمھارے انتظار میں ہے وہ اس سے زیادہ شدید اور سخت ہے۔ یہ وہ جہاد ہے کہ جس کے ساتھ یا شہادت ہے یا کامیابی ہے، اور خدا قاتلوں اور مجرموں کے خلاف مزاحمتی فورسز کی مدد کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے پیر کے روز جنین شہر اور اس کے کیمپ پر حملہ کر کے ایک بچے سمیت چھے فلسطینیوں کو شہید اور اکانوے کو زخمی کر دیا تھا۔
حماس کی فوجی شاخ عزالدین القسام بریگیڈ کے مجاہدین نے بھی اس جارحیت کے جواب میں رام اللہ کے شمال میں واقع عیلی قصبے میں ایک شہادت پسندانہ کارروائی انجام دی کہ جس میں ناجائز صیہونی کالونی کے چار آبادکار ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔
اس درمیان فلسطین کے اعداد و شمار کے مرکز معطی نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی مزاحمتی فورسز نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دریائے اردن کے مغربی کنارے میں صیہونیوں کے خلاف ستر کاروائیاں انجام دی ہیں۔
اس رپورٹ میں آیا ہے کہ یہ کاروائیاں قدس، نابلس، رام اللہ، جنین، بیت لحم، طوباس، قلقلیہ،طولکرم اور الخلیل میں انجام دی گئی ہیں۔