Jun ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • فلسطین کے حالات پر عرب ملکوں کا ردعمل

خلیج فارس کے عرب ملکوں نے غرب اردن مین غاصب صیہونیوں کی جارحیت کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں غرب اردن کے علاقے میں فلسطینیوں کی بستیوں پر غاصب انتہا پسند صیہونی آبادکاروں کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کو مرعوب کئے جانے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے لئے ایک جامع اور منصفانہ حل کے حصول کے لئے انجام پانے والی بین الاقوامی کوششوں پر اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں غرب اردن میں فلسطینیوں پر صیہونی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں کی صورت حال کو پرسکون بنانے، تشدد و جارحیت بند کرنے اور غیر فوجیوں کی حمایت پر مبنی اپنے موقف پر زور دیا۔

لبنان کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت، غرب اردن کے علاقوں میں فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ اور ان علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے اپنی فوجی جارحیت کا عمل بھی تیز کر دیا ہے۔

لبنانی وزارت خارجہ نے اپنے جائز مطالبات پر فلسطینیوں کے کاربند رہنے اور اپنے برحق و قانونی حقوق اور مطالبات پر ڈٹے رہنے کی قدردانی کی ہے اور عالمی برادری کو صیہونی جارحیت پر ردعمل کا اظہار نہ کرنے اور مشرق وسطی میں امن کے امن سے متعلق لاپروائی برتنے کے نتائج پر سخت خبردار کیا۔

قطر کی وزارت خارجہ نے بھی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غاصب صیہونیوں کے وحشیانہ جرائم بند کرانے پر صیہونی حکومت کو مجبور کرنے کے لئے عالمی دباؤ اور فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے مجرم عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

عمان کی وزارت خارجہ نے بھی عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی جارحیت بند کرانے کے لئے موثر اقدام کرے اور صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے نیز ہمہ جہتی منصفانہ راہ حل کے حصول کی کوشش کرے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے بھی فلسطینی قصبوں او دیہاتوں پر صیہونی جارحیت کی مذمت کی اور تاکید کی کہ اس قسم کے وحشیانہ حملے جنگی جرائم کے مترادف ہیں جو اس حقیقت کے متقاضی ہیں کہ ان حملوں پر سخت ردعمل دکھایا جائے اور تحقیقات کر کے مجرم عناصر کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔

اسلامی تعاون تنظیم نے ان تمام تر جرائم کا مکمل ذمہ دار غاصب صیہونی حکومت کو قرار دیا اور تاکید کی کہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ٹھوے ردعمل کا فقدان اور اس غاصب حکومت کی منظم دہشت گردی کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے میں عالمی برادری کی ناتوانی سے فلسطینی علاقوں پر غاصبانہ قبضہ جمانے میں غاصب صیہونی حکومت کی ترغیب ہوئی ہے۔

غاصب صیہونی آبادکاروں نے ہفتے کے روز غرب اردن کے مرکزی علاقے رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع ام صفا علاقے پر  جارحانہ حملے کئے۔ ان حملوں میں کئی بے گناہ نہتھے فلسطینی زخمی ہوگئے۔

انتہا پسند صیہونی آبادکار، صیہونی فوج کی حمایت سے ام صفا علاقے میں داخل ہو گئےاور فلسطینیوں پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی اور ان کے گھروں کو نذرآتش کر دیا۔

صیہونی آبادکاروں نے صیہونی فوجیوں کی مدد سے فلسطینیوں کو ان کے علاقوں سے زبردستی نکالنے کی بھی کوشش کی اور وہ ان علاقوں کا جغرافیائی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کا تسلط مستحکم ہو سکے۔

ٹیگس