Jul ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • محسنِ انسانیت، امامِ حریت کا یوم شہادت، ساری دنیا میں ولولہ

عاشورا شمشیر پر خون کی فتح اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور اسلامی و انسانی اقدار کے تحفظ کے لئے اپنے اندر حسینی عزم پیدا کرنے کا دن ہے۔

سحر نیوز/مناسبت: عاشورا وہ دن ہے جب نواسۂ رسول حضرت امام حسین (ع) نے میدان کربلا میں حق و باطل، علم و جہل، رضائے الٰہی اور خواہشات نفسانی کے درمیان حد فاصل قائم کرنے والی وہ عظیم و بے مثال قربانی پیش کی کہ محرم الحرام کی نسبت ہی امام عالی مقام سے ہوگئی۔

یومِ عاشور جہاں امام عالی مقام اور ان کے عظیم رفقاء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے وہیں یہ دن ہمیں اس بات کا بھی احساس دلاتا ہے کہ ہم واقعہ کربلا کی اصل روح اور پیغام کو سمجھیں اور حضرت امام حسین (ع) کی جانب سے ایثار و قربانی کی لازوال مثال پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

عاشور یا یوم عاشورا کے نام سے موسوم اس یوم شہادت پر رحمۃ للعالمین کے نواسے سبط اصغر حضرت امام حسین علیہ السلام کی اُس قربانی کو یاد کیا جاتا ہے جو انہوں نے الٰہی، قرآنی اور انسانی اقدار اور اپنے ’جد‘ و ’اب‘ کی سیرت طیبہ کی پاسبانی کرتے ہوئے دی تھی۔

تحریک کربلا کے آغاز سے لے کر معرکۂ کربلا سجنے اور پھر اُس کے بعد کاروان حسینی کے واپس مدینے آنے تک قدم قدم پر حسین شہید اور آپ کے اصحاب نے بشریت کے لئے وہ نقوش چھوڑے جو اسکی سعادت و سربلندی کے ضامن ہیں۔

حسینؑ نے بشریت کو آزاد اور حر بن کے جینا سکھایا، حسینؑ نے بتایا کہ جینا اگر ہے تو سربلندی کے ساتھ جینا ہے اور ایک حسینؑ یا اسکی ڈگر پر چلنے والے بشر کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ چند دن کی زندگانی دنیا کے لئے اپنی عزت و حریت کا سودہ کرے، حسینؑ نے بشر کو بتایا کہ ظلم و استکبار کے خوگر حکام کو لگام دینا ضروری ہے، ورنہ وہ پوری امت اور پورے سماج کو تباہی اور گمراہی کی جانب لے جاتے ہیں۔ حسینؑ نے بتایا کہ انسانیت کی سعادت و ہدایت کی اس قدر اہمیت ہے کہ اُس کے لئے اپنی اور اپنے پیاروں کی جان بھی دی جا سکتی ہے۔

حسینؑ آج اسلامی، قرآنی اور انسانی اقدار اور سادے لفظوں میں ہر خوبی کا استعارہ ہے اور مکتب حسین ایک عالمی مکتب ہے جسے ہر رنگ، نسل، قوم، قبیلے اور مذہب و آئین سے ماورا ہو کر اپنایا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کے ہر کونے اور ہر قوم میں حسین شہید کے نام لیوا موجود ہیں اور حسین سے اپنی نسبت پر فخر کا احساس کرتے ہیں۔

سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسندوں کو یوم عاشور کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس