داعش نے زینبیہ میں ہونے والے دہشتگردانہ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی
دہشتگرد گروہ داعش نے زینبیہ میں ہونے والے دہشتگردانہ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دہشتگرد گروہ داعش نے زینبیہ میں ہونے والے دہشتگردانہ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
داعش کے بیان میں آیا ہے کہ حملے کا مقصد شیعہ عزاداروں کو نشانہ بنانا تھا۔
واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے زینبیہ کی السوڈان شاہراہ پر ایک گاڑی کے قریب عزاداروں کیلئے لگائی گئی سبیل کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور عورتوں اور بچوں سمیت 29 افراد زخمی ہوئے۔
اسی دوران عراق کے العہد ٹی وی چینل نے حضرت زینب (ع) کے روضے کے قریب ایک خودکش حملہ آور کو گرفتار کیے جانے کی خبر دی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے زینبیہ میں ہونےوالے دہشتگردانہ دھماکوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے شام کی حکومت، قوم اور واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کی اور کہا کہ ایسی حالت میں کہ جب شامی عوام کو امریکہ اور بعض مغربی ملکوں کی ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کا سامنا ہے، عالمی برادری کی خاموشی کی بنا پر امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے حمایت یافتہ دہشتگرد اور وحشی عناصر مزید گستاخ ہو گئے ہیں اسی لئے وہ اس طرح کی خطرناک اور وحشتناک کارروائیاں کر رہے ہیں۔