Sep ۰۷, ۲۰۲۳ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • مغرب کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے عرب ممالک کا مشترکہ اقدام ضروری، شامی وزیر خارجہ

شام کے وزیر‍ خارجہ نے عرب لیگ کے اجلاس میں کہا ہے کہ عرب ملکوں کی سلامتی ناقابل تسخیر ہے اور مغرب کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عرب ممالک متحد ہوکر مشترکہ اقدام کریں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کے وزیرخارجہ فیصل مقداد نے قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے ایک سو ساٹھویں اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے عرب ملکوں کو درپیش چیلنجز منجملہ داخلی امور میں مداخلت ، فوجی حملوں اغیار کے ذریعے ان کی زمینوں پر قبضہ اور دہشت گردی اور غربت میں اضافہ جیسے مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عرب ممالک مشترکہ طور پر اقدام کریں اور ان مشکلات پر قابو پانے کے لئے ہم آہنگ کوششیں انجام دیں۔

شام کے وزیرخارجہ نے کہا کہ شام اپنے وعدوں پر کاربند رہتے ہوئے جس میں عرب ملکوں کی سالمیت اقتدار اعلی اور وفاق کا احترام شامل ہے اور اسی طرح اپنے ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دینا بھی شامل ہے عرب رابطہ کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔

شامی وزیرخارجہ نے کہا کہ شام اپنی قوم کی حمایت میں عرب ملکوں کے برادرانہ کردار کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے تاکہ جنگ سے ہونے والی تباہیوں پر دمشق غلبہ پاسکے اور دمشق سمجھتا ہےکہ شام کی سرزمین سے غاصبوں کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے میں عرب ملکوں کا کردار اہم ہوسکتا ہے۔

ٹیگس