نائیجیریا میں کشتی الٹنے سے دسیوں افراد ہلاک اور لاپتہ
نائیجیریا میں کشتی کے حادثے میں چھبیس افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں جن کی تلاش جاری ہے لاپتہ ہونے والے بیشتر افراد بچوں اور عورتوں پر مشتمل ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: نائیجیریا کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کی سربراہ زینب سلیمان کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ نائیجیریا میں اتوار کے روز ملک کے شمال مرکز میں موکوا نامی جگہ پر پیش آیا جہاں ایک کشتی پانی میں ڈوب گئی۔
مقامی حکام نے یہ اطلاع دی ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں اس علاقے میں اس طرح کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔
نائیجیریا کی ریاست نائجر کے گورنر کے ترجمان بولگی ابراہیم نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سو سے زائد افراد سوار تھے۔رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تقریباً تیس افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
کشتی کے اس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے اور لاپتہ ہونے والے افراد یہاں موجود ڈیم کو عبور کر کے اپنے اپنے کھیتوں میں جا رہے تھے۔ میرین فوجی اہلکار اور مقامی غوطہ خور، نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ساتھ مل کر پانی میں ڈوبنے والے افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔