Oct ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • قبلہ اول مسجدالاقصی پر صیہونیوں کا حملہ، فلسطینی تنظیموں کا سخت رد عمل

فلسطینیوں نے انتہا پسند صیہونیوں کے ذریعے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صیہونیوں کے اس طرح کے جارحانہ اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔

سحر نیوز/عالم اسلام: شہاب خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی بستیوں میں رہنے والے انتہا پسند صیہونیوں نے جنھیں اسرائیلی فوجیوں کی مکمل پشتپناہی حاصل تھی آج صبح مسجد الاقصی کے اندر داخل ہوئے اور اسلامی مقدسات کی توہین کی۔ اس بار انتہا پسند صیہونیوں نے یہودیوں کی عید «عیدالعرش» کا بہانہ بناتے ہوئے مسجدالاقصی پر حملہ کیا۔

فلسطین کی تحریک حماس، جہاد اسلامی اور استقامتی محاذ نے مسجد الاقصی کو لاحق خطرات کی بابت خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے وحشیانہ حملوں اور جارحانہ اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری صیہونی غاصبوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصی کی بے حرمتی اور اس کو یہودی رنگ دینے کی صیہونیوں کی کوششوں کو ناکام بنادیں گے ۔

واضح رہے کہ پچھلے برسوں اور بالخصوص حالیہ میہنوں کے دوران مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملوں میں تیزی آگئی ہے اور صیہونی انتہا پسند اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے اجتماعی طور اور بھیڑ کی شکل میں مسجد الاقصی میں داخل ہو کر اس پر حملے کرتے ہیں ۔ صیہونیوں کے اس طرح کے اقدامات کا مقصد مسلمانوں کے قبلہ اول کو زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کرنا ہے۔

ٹیگس