امت اسلامیہ پیکرواحدہ اور اسلامی ممالک اوراقوام اس کے اعضا ہیں: تہران و جدہ
بین الاقوامی تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی اور جدہ کےعالمی اسلامی فقہ فورم کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
سحر نیوز/ ایران: تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین حمید شہریاری نے بتایا ہے کہ جدہ کے عالمی فقہ فورم میں نو مختلف مذاہب شامل ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ اس فورم میں نئے درپیش مسائل کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے کہ ان مسائل کے بارے میں کیا فتوا جاری کیا جائے۔
بین الاقوامی تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سربراہ نے بتایا کہ نئی ٹیکنالوجی اور ماڈرن میڈیکل سائنس سے متعلق موضوعات ان مسائل میں شامل ہیں جن پرعالمی اسلامی فقہ فورم جدہ میں بحث ومباحثہ ہوتا ہے، بہترین دلائل کے ساتھ ان پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اوران کے سبھی پہلوؤں کا دقت کے ساتھ جائزہ لیا جاتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین حمید شہریاری نے کہا کہ اس معاہدے پر دستخط کے بعد جدہ عالمی اسلامی فقہ فورم کی میٹنگوں میں ہماری شرکت ماضی کے مقابلے میں زیادہ سرگرم ہوگی۔
جدہ کے فقہ اسلامی عالمی فورم کے سربراہ قطب مصطفی سانو نے اس موقع پر کہا کہ حکمت نبوی میں مسلمین پیکر واحدہ ہیں جس کے ایک عضومیں درد ہو تو دیگر اعضا بھی سکون سے نہیں رہتے ۔ انھوں نے کہا کہ امت اسلامیہ پیکر واحدہ ہے اور اسلامی ممالک اور اقوام اس کے اعضا ہیں۔