Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
  • غاصب اسرائيل کے ساتھ تعلقات منقطع کیا جائے: تحریک حماس کے رہنما کا مطالبہ

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے عرب اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کر دیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: اسامہ حمدان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عرب اور اسلامی ممالک اور اقوام متحدہ کو غزہ تک انسان دوستانہ کوریڈور کھولنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئيں۔ اسامہ حمدان نے مزید کہا کہ ہم دنیا بھر کے آزاد لوگوں کی قدردانی کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اپنے اقدامات جاری رکھیں اور اسرائيلی مصنوعات کا بائيکاٹ کر دیں۔ اسامہ حمدان نے عرب اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب اسرائيلی حکومت کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے لئے تل ابیب سے اپنے سفیر واپس بلا لیں۔

تحریک حماس کے اس رہنما نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عرب اور اسلامی ممالک سے ہمارا مطالبہ یہ ہےکہ وہ غزہ کے سلسلے میں اپنی سیاسی اور اخلاقی ذمےداری نبھائيں۔ واضح رہے کہ تحریک حماس نے چھ اکتوبر سنہ 1973 کو لڑی جانے والی جنگ اکتوبر کی پچاسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنگ اکتوبر کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر ہم غاصب اسرائیل کےساتھ تعلقات معمول پر لانے والے اپنے عرب اور مسلمان بھائیوں سےکہتے ہیں کہ وہ اس راستے واپس پلٹ آئيں کیونکہ وہ قدس اور مسجد الاقصی کی کوئي خدمت نہیں کر رہے ہیں۔

حماس نے تاکید کی تھی کہ صیہونی حکومت کے ساتھ سازباز سے صیہونی حکومت کو فلسطینی عوام پر مزید ظلم ڈھانے اور مسجد الاقصی پر قبضہ جاری رکھنے کا موقع مل جائے گا۔

ٹیگس