القسام بریگيڈ کے مقبوضہ علاقے ایلات پر راکٹوں کے حملے
فلسطین کی القسام بریگيڈ نے کہا ہے کہ اس نے مقبوضہ سرزمین کے ساحلی شہر ایلات پر راکٹوں سے حملے کئےہیں-
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی ونگ القسام بریگيڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے جاری وحشیانہ حملوں کے جواب میں اس نے شہر ایلات پر ڈھائی سو راکٹ برسائے ہيں- عبری ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ان حملوں کے سبب، شمالی ایلات کے عوفدا فوجی اڈے میں خطرے کے سائرن بجنے لگے- صیہونی حکومت کے ریڈیو نےاعلان کیا ہےکہ ساحلی شہر ایلات میں ہونے والے دھماکے ، غزہ سے داغےگئے راکٹوں کے تھے۔
اس درمیان صیہونیوں کے خلاف القسام بریگيڈ اور لبنان کی مزاحمتی فورسیز کے حملے بدستور جاری ہیں- حماس کی فوجی شاخ القسام بریگيڈ نے غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے جرائم کے ردعمل میں، مقبوضہ علاقے حیفا پر آر ون سکسٹی ( R160 ) میزائل سے حملہ کیا ہے-دوسری جانب صیہونی فوج نے جمعرات کی صبح اعلان کیا کہ اس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک میزائل کو ناکارہ بنا دیا ہے جسے لبنان سے داغا گیا تھا۔
صیہونیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ میزائل لبنان کی سرحد سے چالیس کلومیٹر دور واقع طبریا جھیل پر، اس حکومت کے جنگی طیارے پر فائر گیا تھا۔ قابض فوج کے ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے لبنان میں اس میزائل کے ذخیرے کو نشانہ بنایا ہے۔