Nov ۱۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • جارح صیہونی فوج کی غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری، درجنوں شہید اور زخمی

صیہونی فوجیوں نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے درجنوں فلسطیینیوں کو شہید اور بڑی تعداد میں نہتے فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے غزہ کے مرکزی علاقے میں النصیرات کیمپ کے ایک گھر پر وحشیانہ بمباری کی جس میں کم سے کم اٹھارہ عام فلسطینی شہری شہید ہوگئے جن میں زيادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں- 

 صیہونی فوجیوں نے اس طرح ایک اور جارحانہ کاروائي میں جنوبی غزہ کے ایک گھر پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں دس فلسطینی شہید ہوگئے- یہ بمباری جنوبی غزہ میں واقع خان یونس کے علاقے القرارۃ میں ایک رہائشی عمارت پر کی گئی- صیہونی جنگي طیاروں نے اسی طرح ایک اور جارحیت میں جبالیا کیمپ کو نشانہ بنایا ہے کہ جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے-

اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوج نے غرب اردن کے شہر جنین میں ڈرون سے حملہ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جن میں جنین بریگيڈ کے کمانڈر بھاء لحلوح بھی شامل ہیں

دوسری جانب بعض موصولہ خبروں کے مطابق غاصب فوجیوں اور فلسطینی جیالوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے- اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطین اسکوائر اور السامر چوراہے کے اطراف میں لڑائی ہو رہی ہے- جارح صیہونی حکومت توپخانے کے ذریعے جنون آمیز طریقے سے ان علاقوں پر بمباری کر رہی ہے

ٹیگس