غزہ کا انڈونیشین ہسپتال مکمل طور پر ٹھپ ، الاہلی ہسپتال محاصرے میں
غزہ کے ہسپتالوں پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت جاری ہے ۔ انڈونیشین ہسپتال میں کام مکمل طور پر رک گيا ہے جبکہ المعمدانی یا الاہلی ہسپتال کا محاصرہ کر لیا گيا ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: انڈونیشین ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عاطف عدوان نے اس ہسپتال میں کام مکمل طور پر رک جانے کی خبر دی ہے- دریں اثناء المعمدانی ہسپتال کے ایک سرجن نے بھی کہا ہے کہ غاصبوں نے ٹینکوں کے ساتھ ہسپتال کا محاصرہ کر لیا ہے اور ہسپتال میں موجود زخمی موت و حیات کی کشمکش میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ہزاروں زخمی علاج معالجے کا نظام تباہ ہوجانے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
الشفا ہسپتال کے سربراہ محمد ابو سلیمہ نے بھی اس ہسپتال پر فائرنگ کئے جانے کی خبر دی ہے اور کہا ہےکہ ہسپتال کے اندر چلنے والے ہر شخص کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں بچوں کی صورتحال بہت بحرانی ہے۔
واضح رہے کہ حماس نے سات اکتوبر کو فلسطین پر سات عشروں سے زائد عرصے کے قبضے ، دو عشروں تک غزہ کے محاصرے اور ہزاروں فلسطینیوں کو جیلوں میں رکھنے اور ان پر تشدد کرنے کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن کا آغاز کیا جو کہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استقامت کا ایک کامیاب ترین آپریشن تھا۔ جس کے بعد صیہونی حکومت بو کھلا گئی اور اس نے ہسپتالوں اور رہائشی مقامات پر حملے شروع کر دیئے۔