حزب اللہ لبنان کے حملے میں اسرائیلی ٹینک تباہ (ویڈیو)
غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کے جواب میں لبنان کی تحریک استقامت نے لبنان کی سرحد کےقریب صیہونی حکومت کا ایک ٹینک تباہ کر دیا جبکہ متعدد صیہونی فوجی ٹھکانوں کو راکٹ اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی جنگی ساز وسامان کو نشانہ بناتے ہوئے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ برانیت فوجی چھاؤنی میں ایک فوجی ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر کو بھی اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ المنارہ علاقے میں بھی صیہونی فوج کی ایک بٹالین پر حملہ کیا گیا جبکہ المطلہ، الراہب، برکیہ ریشا اور العاصی نیز الظہیرہ صیہونی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان فوجی ٹھکانوں پر راکٹ اور ڈرون حملے کئے گئے جس میں صیہونی حکومت کو بھاری نقصان پہنچا۔ حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ یہ حملے غزہ اور جنوبی لبنان کے بعض علاقوں پر صیہونی جارحیت کے جواب میں کئے گئے۔ جاری کردہ بیان میں یہ بھی بتایا گيا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فاسفورس بموں اور دیگر ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے۔