Dec ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج  طوفان الاقصی آپریشن میں اپنی شکست کا انتقام بچوں اور عورتوں سے لے رہی ہے: القسام بریگيڈ

القسام بریگیڈ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ہمارے مجاہدین نے گذشتہ دس روز میں دشمن کے ایک سو اسّی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام : حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے بتایا ہے کہ جرائم پیشہ صیہونی دشمن پینسٹھ دن گزرجانے کے بعد بھی غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ صیہونی فوج  طوفان الاقصی آپریشن میں اپنی شکست کا انتقام بچوں اور عورتوں سے لے رہی ہے اور اسپتالوں، لوگوں کے گھروں اور غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنارہی ہے۔

ابو عبیدہ نے بتایا کہ ہمارے مجاہدین نے دشمن کی بکتر بند گاڑیوں کو یاسین ایک سو پانچ راکٹوں اور بموں سے نشانہ بناکر تباہ کیا ہے۔القسام بریگیڈ کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ہم نے غاصب اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مختلف قسم کی کارروائیاں انجام دی ہیں جن میں صیہونی فوج کے پیدل دستوں پر حملے اور بارودی سرنگوں کے دھماکے بھی شامل ہیں۔القسام بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے دشمن فوج کے پیدل دستوں پر عمارتوں کے اندر راکٹوں اور بموں سے حملہ کرنے کے علاوہ دو بدو لڑائی میں بھی انہیں ہلاک کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ دشمن کو جنگ کے ہر محاذ پر شکست ہوئی ہے اور یہ جنگ چاہے جتنا بھی طول پکڑلے، دشمن کواس میں شکست کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملے گا۔

القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ عبوری جنگ بندی نے ہماری صداقت اور دشمن حکام نیز ان کے فوجی اور سیاسی ترجمانوں کے جھوٹ کو ثابت کردیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ دشمن کے سارے جنگی قیدی ہماری شرائط پر آزاد ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوج حتی اپنے ایک بھی جنگی قیدی کو قیدیوں کے تبادلے کی شرائط سے ہٹ کر اور ہماری مرضی کے بغیر غزہ سے باہر نہیں لے جاسکے گی۔ حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے استقامتی تحریک کو ختم کرنے کے اعلان کا مقصد اپنے دائیں بازو کے جنگ وخونریزی کے شوقین انتہا پسندوں کو خوش کرنے کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ دشمن کی فوج پر ہمارے مجاہدین بدستور سخت وار لگار ہے ہیں اور آئندہ مزید سخت ترین وار لگائے جائيں گے۔

ٹیگس