Feb ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
  • امریکی اور صیہونی بحری جہازوں پر یمنیوں کے تازہ حملے

یمنی فوج نے ایک بار پھرامریکہ اور صیہونی حکومت کے کئی جنگی جہازوں کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ فوج نے امریکہ کے کچھ جنگی جہازوں، اسرائیل کے ایک بحری جہاز اور جنوبی مقبوضہ فلسطین کی ام الرشراش بندرگاہ میں کچھ اہداف کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یحیی سریع نے اس سلسلے میں تاکید کے ساتھ کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے کچھ ڈرون طیاروں سے بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں امریکہ کے جنگي بحری جہازوں پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے ایم ایس سی سیلور نام کے ایک اسرائیلی بحری جہاز کو بھی خلیج عدن میں میزائلی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نےاپنے بیان میں مزید کہا کہ ایک اور کارروائی میں جنوبی مقبوضہ فلسطین میں واقع ام الرشراش علاقے میں صیہونی دشمن کے حساس ٹھکانوں پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔
یحیی سریع نے کہا کہ یہ آپریشن فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور امریکہ و برطانیہ کی جارحیتوں کے جواب میں انجام دیا جارہا ہےیمنی فوج کا اعلان ہے کہ جب تک غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری رہيں گے اس وقت تک صیہونی حکومت کے بحری جہازوں اور بحیرہ احمر اور باب المندب سے گذر کر مقبوضہ فلسطین جانے والے بحری جہازوں کو بھی حملوں کانشانہ بنایا جاتا رہے گا۔

ٹیگس