Apr ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کے فضائی حملے میں حزب اللہ  کا ایک اعلی عہدیدار شہید

جنوبی لبنان کے شہر صور میں ایک گاڑی پر صیہونی فوج کے فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک اعلی عہدے دار شہید ہوگئے-

 سحرنیوز/ عالم اسلام : خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے شہر صور میں ایک گاڑی پر صیہونی حکومت کے ڈرون حملے میں حزب اللہ لبنان کے رکن اسماعیل یوسف باز جو ابو جعفر کے نام سے مشہور تھے شہید ہو گئے۔

عین بعال علاقے کے عینی شاہدین کے مطابق اس گاڑی کو نشانہ بنانے کے بعد گاڑی میں سوار دیگر دو افراد کو بچا لیا گيا-

دوسری جانب الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق صہیونی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں کفرشوبا، حلتا اور الخیام کو توپ خانے سے نشانہ بنایا ہے جس میں ایک شخص شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ اس دوران حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی قوم کی حمایت میں مجاہدین نے دو مرحلے میں، بیت ھلل میں میزائل ڈیفنس سسٹم اور صیہونی حکومت کے آئرن ڈوم پلیٹ فارمز پر حملہ کیا جس میں تین صیہونی زخمی ہوگئے-

لبنان کی حزب اللہ نے برکہ ریشہ میں صہیونی فوج کے ٹھکانے کو میزائل سے اور اصبع الجلیل  فوجی اڈے کو دو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ تقریباً پندرہ راکٹ بھی جنوبی لبنان سے مقبوضہ علاقوں کے شمال میں واقع  الجلیل الغربی پر داغے گئے۔

ٹیگس