غرب اردن میں استقامتی محاذ کا صیہونی فوج پر حملہ
استقامتی محاذ کے جوانوں نے غرب اردن میں صیہونی قابضوں کے خلاف کارروائیاں انجام دی ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: غرب اردن کے شہر طوباس میں تعینات جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو قدس بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صیہونی فوجیوں کے جنگی ساز و سامان کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے ہيں- قدس بریگيڈ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ اس نے شہرطوباس کی قدس یونیورسٹی میں جارح عناصر پر بھی حملہ کیا ہے- اس رپورٹ کے مطابق قدس بریگيڈ کے جوانوں نے اس علاقے میں کمین لگا کر بڑی کارروائی کی ہے-
دوسری جانب تحریک حماس کے فوجی بازو قسام بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ پٹی میں صیہونی فوجیوں کے خلاف ایک کامیاب کارروائی انجام دی ہے - اس بٹالین نے زور دے کر کہا ہے کہ شمالی غزہ پٹی میں واقع بیت حانون میں ایک صیہونی فوجی کو فلسطینی اسنائپروں نے نشانہ بنایا ہے۔ایک اور خبر کے مطابق غرب اردن کے شہر الخلیل کے مشرقی علاقے بنی نعیم میں فلسطینیوں اور غاصب صیہونیوں کے درمیان جھڑپيں ہوئی ہیں۔