یمنی فوج نے جدیدترین امریکی ڈرون طیارہ مارگرایا
یمن کی مسلح افواج نے شمالی صوبہ صعدہ میں امریکی فوج کا ایک جدید ترین ڈرون طیارہ مار گرایا ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکی فوج کے ایک جدیدترین ڈرون ایم کیو نائن کو جو یمن کے خلاف دشمنانہ مشن پر تھا ، مار گرایا ہے- یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج کا تین کروڑ ڈالر کی مالیت کا یہ ڈرون طیارہ ایک آپریشن کے دوران میزائل کا نشانہ بنا اور گر کر تباہ ہوگیا۔
یمن کی فوج کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس نے بحر احمر میں برطانیہ کے انڈرومیڈا اسٹار آئل ٹینکر کو بھی حملے کا نشانہ بنایا ہے- یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں، فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت اور اپنے ملک پر امریکہ اور برطانیہ کے حملوں کے جواب میں کی جارہی ہيں-
بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ پر حملے اور اس کا محاصرہ ختم نہيں کیا جاتا-
چند گھنٹوں قبل ایک امریکی عہدیدار نے سی بی ایس ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یمن میں ایک امریکی ڈرون کے تباہ ہونے کی تصدیق کردی ہے البتہ امریکی عہدیدار نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ڈرون تکنیکی خرابی کے باعث گرا ہے یا یمنی فوج کے حملے کا نشانہ بن کر تباہ ہوا ہے-