May ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی اور رفح شہر پر صیہونی حکومت کے بھرپور اور شدید حملے جاری, آٹھ فلسطینی شہید

غزہ پٹی اور رفح شہر پر صیہونی حکومت کے بھرپور اور شدید حملوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ جس میں کم از کم آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی فوج نے آج صبح مشرقی رفح کی رہائشی عمارتوں پر بمباری کی ہے - صیہونی فوج نے اسی طرح غزہ کے النصیرات کیمپ کے شمالی اور مغربی علاقوں پر بھی بمباری کی ہے- اس رپورٹ کے مطابق مشرقی خان یونس کے عبسان علاقے میں ایک ہی خانوادے کے آٹھ افراد شہید ہوگئے- اسی طرح شمالی غزہ کے الزرقا علاقے میں بھی ایک خانوادے کے متعدد افراد بمباری میں زخمی ہوگئے-

صیہونی حکومت کے ٹینکوں اور جنگی طیاروں نے الزیتون کے علاقے اور اس علاقے کی مسجد "علی" کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے توپ خانوں اور کشتیوں نے غزہ پٹی کے مرکز میں واقع میونسپل عمارت، مکانات، المغراقہ محلے اور النصیرات کیمپ پر گولہ باری کی۔ غزہ پٹی کے مختلف علاقے بالخصوص رفح شہر کے مشرق میں تین روز سے صیہونی حکومت کے فضائی، زمینی اور سمندری حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران اب تک درجنوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

 

فلسطینی شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ پٹی میں جنگ کے دوسو سترہویں روز غزہ شہر کے جنوب مغرب میں الزیتون کے علاقے میں مزاحمتی جنگجوؤں اور قدس کی قابض فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری رہیں۔

 پیر 6 مئی کو صیہونی حکومت کی جنگی کابینہ نے بین الاقوامی مخالفت کے باوجود غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح پر زمینی حملے کی منظوری دی جس کے بعد صیہونیوں نے رفح کراسنگ کے فلسطینی حصے پر اپنا ناجائز قبضہ جما لیا ہے۔ خیال رہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک غزہ میں صیہونی دہشتگردی کے باعث شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تقریبا پینتیس ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اٹھتر ہزار پانچ سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

ٹیگس