May ۲۵, ۲۰۲۴ ۰۶:۵۱ Asia/Tehran
  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا  شہید صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر اظہار تعزیت

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے عبوری صدر کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت کی تعزیت پیش کی اور باہمی روابط نیز علاقائی مسائل پر گفتگو کی-

سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمعے کی شام اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کو ٹیلیفون کرکے آیت للہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ۔

انھوں نے کہا کہ یہ حادثہ ہمارے لئے بہت دردناک تھا۔ جناب رئیسی اور اسی طرح ایران کے وزیر خارجہ کا بچھڑجانا، جو ہمارے وزیر خارجہ کے  بہت گہرے دوست تھے، ہمارے لئے المناک ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ان دونوں عزیزوں نے جس راستے کا احیا کا اور باہمی روابط میں فروغ کا جو آغاز کیا ، سعودی عرب اس کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

  محمد بن سلمان نے علاقے اور عالم اسلام کے لئے ایران اور سعودی عرب کے روابط میں فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے اور اسلامی دنیا میں تہران اور ریاض کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ان کے  باہمی روابط کا فروغ علاقے کے لئے درخشاں مستقبل رقم کرے گا۔  

 انھوں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 ایران کے نگراں صدر ڈاکٹر محمد مخبر نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں  آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر سعودی فرمانروا ملک سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہد کے محبت آمیز پیغام تعزیت نیز شہید صدر اور ان کے ساتھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے آخری رسومات میں سعودی بادشاہ کے معاون خصوصی نیز وزیر خارجہ کی تہران آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے اس سانحے میں دو بہت  اہم، موثر اور ہمدرد  شخصیات نیز دیگر خادمان ملک و قوم کو کھودیا اور ان کی شہادت نے ہم سب کو سوگوار کردیا۔

 ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے دوست اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ روابط میں توسیع کو شہید آیت اللہ رئیسی کی اسٹریٹیجک کامیابیوں میں شمار کیا اور کہا کہ انتھک محنت کرنے والے ایسے صدر مملکت کا فقدان ہمارے لئے بہت سخت ہے لیکن ہماری پالیسی اور اسٹریٹیجی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور شہید صدر کے دور میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان شروع ہونے والا باہمی اعتماد اور محبت کا جذبہ اسی طرح جاری رہے گا۔ 

محمد  مخبر نے ایران اور سعودی عرب کے روابط کو عالم  اسلام کے لئے کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض طاقتوں کی مخالفت کے برخلاف آج ہمارے روابط بہت اچھی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

ایران کے نگراں صدر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایرانی عازمین حج کے بہترین استقبال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے شہید صدر نے آپ کو ایران کے دورے کی دعوت دی تھی ہم اس دعوت کا اعادہ کرتے ہیں اور آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے دوست اور برادر ملک ایران کا دورہ کریں۔  

 سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے جناب  محمد مخبر کو بھی سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی ہے۔

ٹیگس