Aug ۲۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • یمنی عوام ایک بار پھر غزہ کی حمایت میں سڑکوں پر

یمن کے عوام نے ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر عظیم الشان ریلیاں نکال کر صیہونی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کیا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق دارالحکومت صنعا میں جمعے کو عوام نے ایک بار پھر غزہ کے عوام کی حمایت میں عظیم الشان ریلی نکالی جس میں نماز جمعہ کے بعد عوام نے صنعا کے سبعین اسکوائر پر اجتماع کر کے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا۔
یمنی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں اپنے قومی پرچم کے ساتھ فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے ۔ یمنی مظاہرین نے بعض عرب اور مسلمان ملکوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی میں بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کا ساتھ دیئے جانے کی سخت مذمت کی۔ الحدیدہ میں نکالی جانی والی ہفتے وار ریلی میں یمنی پارلیمنٹ اور سیاسی کونسل کے اراکین، اعلی صوبائی عہدیداروں اور فوجی کمانڈروں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے غاصب صیہونی حکومت کی مکمل شکست تک مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
اسی طرح کے مظاہرے یمن کے صوبہ صعدہ میں بھی کئے گئے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ جمعے کے روز امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے تعز کے البرح نامی علاقے پر بمباری کی ہے۔

ٹیگس