جنگ غزہ میں 11000 سے زائد اسکولی طلبا وطالبات کی شہادت
غزہ میں فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے بتایا ہے کہ غزہ پر گیارہ ماہ سے زائد عرصے سے جاری غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں 11 ہزار سے زائد اسکولی طلبا وطالبات شہید ہوچکی ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ غزہ میں فلسطین انفارمیشن سینٹر نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری غزہ پر غاصب صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں تعلیمی مراکز کے 750 کارکن شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں میں 11 ہزار سے زائد طلبا و طالبات بھی شامل ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں اسکولی طلبا وطالبات زخمی ہوئی ہیں۔ فلسطین انفارمیشن سینٹر نے اسی کے ساتھ بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوج کی بمباریوں میں 120 کالج اور یونیورسٹیاں مکمل طور پر منہدم ہوگئيں اور 340 یونیورسٹیوں اور کالجوں کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق حماس نے بھی ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی مراکز پر وسیع پیمانے پر حملے بھی غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم میں شامل ہیں لیکن یہ غاصب حکومت ملت فلسطین کا قومی تشخص مٹانے اور اس کے ملی حقوق ختم کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔