فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا، خالد مشعل
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رہنما ڈاکٹر خالد مشعل نے کہا ہے کہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے باوجود مزاحمت کا سلسلہ فلسطین کی آزادی تک جاری رہےگا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ شہید یحییٰ سنوار کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مشعل نے کہا تحریک حماس نے ہمیشہ شہادت، سربلندی، وطن کی آزادی کی راہ میں اپنے رہنماؤں کی قربانیاں پیش کی ہیں، اور شیخ احمد یاسین ہماری اس تحریک کے بانی تھے جنہیں 2004ء میں صیہونی حکومت نے دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کردیا تھا۔
حماس کے اس سینیئر رہنما نے کہا کہ ہماری تحریک کی قیادت اپنے طویل سفر کے دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور کچھ عرصہ قبل یہ تحریک اسماعیل ہنیہ سے محروم ہوگئی اس سے پہلے شیخ صالح العاروری اور ان کے بعد ہم نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران بہت سی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اب یحییٰ سنوار بھی ہم سے بچھڑ گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے باوجود، یہ تحریک اپنی حکمت عملی پر قائم ہے اور سرزمین فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔